کراچی: سرکاری زمینوں پر غیر قانونی شادی ہالز کی تعمیر سے متعلق اسکینڈل میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ قومی احتساب بیورو (نیب) نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) سے کراچی میں بغیر منظوری قائم شادی ہالز کی مکمل فہرست طلب کر لی ہے۔
ذرائع کے مطابق نیب نے امینٹی پلاٹس پر غیر قانونی شادی ہالز کی تعمیر کی انکوائری بھی شروع کر دی ہے۔ اس سلسلے میں نیب کی جانب سے ایس بی سی اے اور کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) کو ریکارڈ سمیت پیشی کا نوٹس جاری کیا گیا ہے۔
نیب نے ایس بی سی اے کو 17 ستمبر کو پیشی کی ہدایت دی تھی تاہم نوٹس 22 ستمبر کو تاخیر سے موصول ہوا۔ ایس بی سی اے حکام کا کہنا ہے کہ مطلوبہ ریکارڈ جلد نیب کے حوالے کر دیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق ریکارڈ جمع کرنے کی تیاریاں شروع ہوچکی ہیں اور امکان ہے کہ آئندہ دنوں میں اربوں روپے مالیت کی سرکاری زمینوں پر قائم غیر قانونی شادی ہالز کا بڑا اسکینڈل بے نقاب ہوگا۔
