دبئی (اسپورٹس ڈیسک) — ایشیا کپ کے پہلے میچ میں پاکستان کے ہاتھوں شکست کے بعد بھارتی کپتان سوریا کمار یادو نے میچ کے بعد سیاسی بیان دیا، جس پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے نوٹس لے لیا۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی نے سوریا کمار یادو کے سیاسی بیان پر آئی سی سی میں باضابطہ شکایت درج کرائی تھی، جس کے بعد بھارتی کپتان کو وضاحت کے لیے آئی سی سی ہیڈکوارٹر طلب کیا گیا۔
آئی سی سی نے بھارتی کپتان کو آئندہ کسی بھی قسم کی سیاسی بیان بازی سے روک دیا اور ہدایت دی کہ وہ میدانِ کھیل کو کھیل تک محدود رکھیں۔
ادھر ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ پاکستانی کھلاڑی حارث روف اور صاحبزادہ فرحان کو بھی کل آئی سی سی ہیڈکوارٹر طلب کیا گیا ہے تاکہ ضابطہ اخلاق سے متعلق آگاہی دی جاسکے۔
ماہرین کے مطابق آئی سی سی کا یہ اقدام کھیل کو سیاست سے الگ رکھنے اور غیر جانبداری کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔
