کراچی (اسٹاف رپورٹر) — ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے کی ہدایت پر کراچی زون میں حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ اسی سلسلے میں ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل کراچی نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
پولیس مقابلے میں ہلاک ملزم شان چانڈیو، شہید خان ابڑو کے قتل اور متعدد سنگین وارداتوں میں ملوث نکلا
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت عبدالمبین اور عقیل حسین کے نام سے ہوئی ہے، جنہیں کراچی کے علاقے فش ہاربر اور حیدری سے گرفتار کیا گیا۔ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے 22 لاکھ 25 ہزار روپے اور 857 ملائشین رنگٹ برآمد کیے گئے۔
ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزمان غیر قانونی طریقے سے بھاری رقوم بیرون ملک منتقل کرتے تھے اور حوالہ ہنڈی کے نیٹ ورک میں سرگرم تھے۔ چھاپے کے دوران ملزمان سے غیر قانونی کرنسی ایکسچینج اور حوالہ ہنڈی سے متعلق اہم شواہد بھی حاصل ہوئے ہیں۔
ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان برآمد شدہ کرنسی کے حوالے سے حکام کو مطمئن نہ کرسکے۔ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے جبکہ ان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
