کراچی (کرائم رپورٹر) — گزشتہ رات بھینس کالونی کے قریب پولیس مقابلے میں ہلاک ہونے والا ملزم شاہ محمد عرف شان چانڈیو، پولیس افسر شہید خان ابڑو کے قتل سمیت متعدد سنگین وارداتوں میں ملوث تھا۔
پولیس کے مطابق 18 اگست کو تھانہ بن قاسم کی حدود میں پولیس افسر خان ابڑو کو فائرنگ کر کے شہید کیا گیا تھا، جس کا مقدمہ نمبر 340/2025 دفعہ 302، 34 اور 7 اے ٹی اے کے تحت درج کیا گیا تھا۔ تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ مقتول افسر کے قتل میں ہلاک ملزم شان چانڈیو براہِ راست ملوث تھا۔
گزشتہ رات ملزم اپنے ساتھی کے ہمراہ سوڈا فیکٹری کے قریب شہریوں سے لوٹ مار کے بعد فرار ہو رہا تھا کہ پولیس کی گشت پارٹی نے انہیں روکنے کی کوشش کی۔ ملزمان نے فائرنگ کی، جس پر پولیس کی جوابی کارروائی میں شان چانڈیو مارا گیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہوگیا۔
ہلاک ملزم کے قبضے سے ایک پستول بمعہ ایمونیشن، موبائل فون اور 125 موٹرسائیکل برآمد کی گئی۔ پولیس کے مطابق شان چانڈیو اغواء برائے تاوان، اسٹریٹ کرائم اور دیگر سنگین وارداتوں میں بھی ملوث رہا ہے۔ ملزم کے مزید کرمنل ریکارڈ کے لیے مختلف تھانوں سے تفصیلات حاصل کی جارہی ہیں۔
پولیس نے فرار ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنے شروع کر دیے ہیں۔

