ورلڈ میری ٹائم ڈے کے موقع پر پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف کا پیغام

کراچی (اسٹاف رپورٹر) دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی ورلڈ میری ٹائم ڈے 25 ستمبر 2025 کو منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے اپنے پیغام میں عالمی میری ٹائم برادری کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ یہ دن خصوصاً پاکستانی ملاحوں، میری ٹائم ماہرین اور ساحلی مکینوں کے نام ہے جن کی انتھک محنت اور قربانیاں قومی معیشت اور عالمی رابطہ کاری کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں۔

ضلع وسطی میں سروائیکل کینسر سے بچاؤ کے لیے ویکسینیشن مہم پر اہم اجلاس

ایڈمرل نوید اشرف نے کہا کہ انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن نے اس سال کے لیے "ہمارا سمندر، ہماری ذمہ داری، ہمارا موقع” کے موضوع کا انتخاب کیا ہے، جو ہمیں یاد دلاتا ہے کہ سمندر دنیا کو جوڑنے کے ساتھ ساتھ معیشت، روزگار، ماحولیاتی توازن، خوراک اور توانائی کی فراہمی میں بھی کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ان لامحدود فوائد کی حفاظت ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے تاکہ آئندہ نسلیں بھی ان سے مستفید ہو سکیں۔

پاک بحریہ کے سربراہ نے مزید کہا کہ پاکستان کے سمندر دفاعی، اقتصادی اور ترقیاتی اعتبار سے غیر معمولی اہمیت کے حامل ہیں۔ ساحلی پٹی اور ایکسکلوزیو اکنامک زون ماہی گیری، تجارت اور توانائی کے بے مثال مواقع فراہم کرتے ہیں، جس کے تحفظ اور پائیدار استعمال کے لیے پاکستان نیوی پرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نیوی شمالی بحیرۂ عرب میں سمندری سلامتی یقینی بنانے، عالمی شراکت داریوں میں مؤثر کردار ادا کرنے اور اہم تجارتی راستوں کی حفاظت کے لیے سرگرم عمل ہے۔ علاوہ ازیں، بحریہ انسانی امدادی کارروائیوں، قدرتی آفات اور ہنگامی حالات میں بروقت مدد فراہم کرتی ہے۔

ایڈمرل نوید اشرف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان نیوی قومی میری ٹائم اہداف کے حصول، علاقائی امن کے فروغ اور سمندری قوانین کی بالادستی کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھے گی۔ انہوں نے دعا کی کہ یہ دن ہم سب کو سمندروں کی حفاظت اور ان کے وسائل کے پائیدار استعمال کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کی ترغیب دے۔

One thought on “ورلڈ میری ٹائم ڈے کے موقع پر پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف کا پیغام

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!