کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی طحہ سلیم کی زیر صدارت سروائیکل کینسر سے بچاؤ کے لیے ویکسینیشن مہم پر ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈی ایچ او ہیلتھ ڈاکٹر سعد، اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر سائرہ خان، مختلف اسپتالوں کے نمائندے اور محکمہ صحت کے افسران نے شرکت کی۔
ضلع کیماڑی پولیس کی 24 گھنٹوں میں کامیاب کارروائیاں، 18 ملزمان گرفتار
اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ ملک بھر میں 9 سے 14 سال کی بچیوں کو ہیومن پیپیلوما وائرس (ایچ پی وی) کے خلاف ویکسین فراہم کی جائے گی تاکہ ان میں اس مہلک وائرس کے خلاف قوتِ مدافعت پیدا ہو اور وہ مستقبل میں سروائیکل کینسر سے محفوظ رہ سکیں۔
ڈپٹی کمشنر طحہ سلیم نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت اور امریکی ریسرچ کے مطابق ایچ پی وی ویکسین خواتین کو 70 سے 90 فیصد تک سروائیکل کینسر سے بچانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ہر سال تقریباً 5 ہزار خواتین اس مرض میں مبتلا ہوتی ہیں، اس لیے اس مہم کا کامیاب انعقاد نہایت ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایچ پی وی ویکسین نہ صرف ایک سائنسی کامیابی ہے بلکہ خواتین کی زندگیوں اور معاشرتی بقا کی ضامن بھی ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مہم کو کامیاب بنانے کے لیے محکمہ صحت، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ ادارے قریبی تعاون کریں گے۔

