کراچی: رائل تھائی قونصلیٹ جنرل کراچی اور گرین وچ یونیورسٹی کے اشتراک سے "انٹرنیشنل اسٹوڈنٹ فرینڈلی سکس-اے-سائیڈ فٹبال ٹورنامنٹ 2025” کا کامیاب انعقاد کیا گیا۔ اس ایونٹ میں تھائی اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن کراچی (TSAK)، پاک-تھائی فرینڈ شپ ایسوسی ایشن اینڈ بزنس فورم، اور تھائی ایئر ویز نے معاونت فراہم کی۔
ٹورنامنٹ میں تھائی لینڈ، پاکستان، انڈونیشیا، ملائیشیا اور نائیجیریا کی اسٹوڈنٹ ٹیموں نے حصہ لیا۔ کھلاڑیوں نے نہ صرف کھیل کی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا بلکہ دوستی اور ثقافتی ہم آہنگی کے جذبے کو بھی اجاگر کیا۔
افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی تھائی لینڈ کے قونصل جنرل کراچی معالی جناب سوراشیت بونٹینند تھے۔ انہوں نے کہا کہ کھیل سرحدوں کو عبور کرنے والی طاقت ہے جو نوجوانوں کو قریب لاتی ہے، ٹیم ورک سکھاتی ہے اور صحت مند ماحول فراہم کرتی ہے۔ ان کے مطابق اس نوعیت کی سرگرمیاں پاک-تھائی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے ساتھ باہمی احترام اور تعاون کو فروغ دیتی ہیں۔
سنسی خیز مقابلوں کے بعد ٹیم نائیجیریا نے چیمپئن ٹرافی اپنے نام کی، ٹیم انڈونیشیا پہلی رنر اپ جبکہ ٹیم تھائی لینڈ بی دوسری رنر اپ قرار پائی۔ فیئر پلے ٹرافی گرین وچ یونیورسٹی ریڈ کو دی گئی۔
تقریب میں نمایاں شخصیات نے شرکت کی جن میں ڈاکٹر نوید احمد مغل (پرووسٹ و صدر EDVIA، گرین وچ یونیورسٹی)، قونصل جنرل ملائیشیا کراچی معالی جناب ہرمن ہادیاناتا بن احمد، قائم مقام قونصل جنرل انڈونیشیا کراچی معالی جناب دیوانتو پریوکوسومو، ڈاکٹر نعمان نعیم (صدر بنوریہ یونیورسٹی) اور جناب عارف سلیمان (چیئرمین پاک-تھائی فرینڈ شپ ایسوسی ایشن اینڈ بزنس فورم) شامل تھے۔
اس کے علاوہ مس عذوہ بنتی سلیلی (نائب قونصل ملائیشیا کراچی)، مس عیشا علی (چیف ڈائیورسٹی آفیسر، گرین وچ یونیورسٹی) اور ڈاکٹر صادیہ شیخ (ڈائریکٹر اسپورٹس، گرین وچ یونیورسٹی و بانی DIYA ویمن ایف سی) بھی شریک رہیں۔
منتظمین کے مطابق ٹورنامنٹ کا مقصد کھیل کے ذریعے ثقافتی تبادلے، نوجوانوں کی شمولیت اور عوامی روابط کو فروغ دینا تھا۔ تقریب کا اختتام انعامات اور میڈلز کی تقسیم پر ہوا جس نے کھلاڑیوں اور حاضرین کو کھیلوں اور دوستی کے جذبے سے سرشار کر دیا۔
