کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کی رکن سندھ اسمبلی اور پارلیمانی سیکریٹری برائے اقلیتی امور رومہ مشتاق مٹو نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو ان کی 37ویں سالگرہ پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ نوجوانوں کے لیے رول ماڈل اور جمہوریت کے ایک مضبوط رہنما کے طور پر سامنے آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے ہمیشہ عوام کے دکھ درد کو اپنا دکھ سمجھا اور نوجوان نسل کو خدمتِ وطن کا حوصلہ و عزم دیا۔ رومہ مٹو نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ چیئرمین کو صحت، کامیابیاں اور طویل زندگی عطا فرمائے تاکہ وہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور شہید ذوالفقار علی بھٹو کے مشن کو آگے بڑھاتے رہیں۔
رومہ مٹو نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی واضح ہدایات کے مطابق 21 ستمبر کو کسی قسم کی جشن یا کیک کاٹنے کی تقریب منعقد نہیں ہوگی۔ ملک اس وقت سیلابی آفات اور عوامی مشکلات سے دوچار ہے، اور ایسے حالات میں خدمتِ خلق کو ہی اصل پیغام قرار دیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کے کارکن پہلے ہی سیلاب متاثرین کی امداد میں مصروف ہیں اور سالگرہ کے دن کو بھی ان کے ساتھ یکجہتی اور خدمت کے لیے وقف کر دیا گیا ہے۔ رومہ مٹو نے کارکنان پر زور دیا کہ اپنی مدد آپ کے تحت عطیات جمع کریں اور یہ وسائل براہِ راست متاثرہ خاندانوں کی بحالی پر خرچ کیے جائیں۔
