کراچی — جشنِ عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کراچی ہیڈکوارٹر میں میلادِ مصطفیٰ ﷺ کمیٹی کے زیراہتمام سالانہ محفلِ حمد و نعت منعقد ہوئی۔
محفل کا آغاز تلاوتِ قرآنِ مجید سے کیا گیا، جس کے بعد ملک کے معروف نعت خواں حضرات نے بارگاہِ رسالت ﷺ میں عشق و عقیدت سے بھرپور نعتیں پیش کیں اور شرکائے محفل کی روحانی تشنگی کو سیراب کیا۔
نعت خوانی کے بعد بارگاہِ رسالت ﷺ میں سلام پیش کیا گیا۔ محفل کے آغاز سے اختتام تک ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی بھی عقیدت و احترام کے ساتھ شریک رہے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں تمام شرکائے محفل اور نعت خوان حضرات کا شکریہ ادا کیا اور محفلِ ذکر مصطفیٰ ﷺ کمیٹی کو اس روح پرور اجتماع پر خراجِ تحسین پیش کیا۔
محفل کے اختتام پر ایمان کی سلامتی، ملک کے استحکام، صوبے اور ادارے کی ترقی و خوشحالی اور امتِ مسلمہ کے تحفظ کے لیے خصوصی اجتماعی دعائیں کی گئیں۔

