کراچی (اسٹاف رپورٹر) محکمہ موسمیات نے 20 ستمبر سے ملک میں ڈینگی وائرس کے پھیلنے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے عوام کو محتاط رہنے اور حفاظتی اقدامات اختیار کرنے کی اپیل کی ہے۔
کراچی میں مطلع ابر آلود، مختلف علاقوں میں ہلکی بارش اور پھوار سے موسم خوشگوار
تفصیلات کے مطابق حالیہ بارشوں اور سیلابی صورتحال نے ڈینگی مچھر کی افزائش کے لیے سازگار ماحول پیدا کردیا ہے، جس کے باعث کراچی، لاہور، اسلام آباد سمیت 10 بڑے شہروں میں ڈینگی وبا کی شدید لہر کا خطرہ لاحق ہے۔
موسمیاتی ڈیٹا کے مطابق رواں سال ڈینگی کے سب سے زیادہ پھیلاؤ کا اندیشہ ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق ڈینگی مچھر صبح سورج نکلنے کے بعد اور شام سورج غروب ہونے سے قبل سب سے زیادہ فعال ہوتے ہیں۔ درجہ حرارت 26 سے 29 ڈگری، 60 فیصد نمی اور 27 ملی میٹر بارش ڈینگی کے پھیلاؤ کو مزید تیز کرتی ہے۔
محکمہ موسمیات اور شہری انتظامیہ نے عوام کو ہدایت دی ہے کہ گھروں اور اطراف میں پانی جمع نہ ہونے دیں، مچھر دانی اور ریپیلنٹ کا استعمال کریں جبکہ سیلاب زدہ علاقوں اور ریلیف کیمپس کو صاف اور خشک رکھا جائے۔
مزید برآں، صحت کے مراکز کو بھی ہائی الرٹ پر رہنے کی ہدایت کردی گئی ہے تاکہ متاثرہ مریضوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جا سکے۔ شہریوں کو ڈینگی سے متعلق تازہ ترین معلومات کے لیے محکمہ موسمیات کی ویب سائٹ ملاحظہ کرنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔
