راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے فتنۃ الخوارج کے خلاف ملک گیر کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ باجوڑ میں خفیہ اطلاعات پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا جس دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں بھارتی سرپرستی کے حامل 22 خوارج ہلاک کر دیے گئے۔
مین منگھوپیر روڈ پر واٹر ٹینکر کی ٹکر سے معصوم بچہ جاں بحق
آئی ایس پی آر کے مطابق جنوبی وزیرستان میں ہونے والی ایک اور کارروائی کے دوران 13 مزید خوارج کو جہنم واصل کیا گیا۔ تاہم فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 12 جوانوں نے وطنِ عزیز کے دفاع میں جامِ شہادت نوش کیا۔
ترجمان نے بتایا کہ شہدا نے بہادری اور شجاعت کی نئی مثال قائم کی، جبکہ ہلاک خوارج کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔
یاد رہے کہ دو روز قبل مہمند کے علاقے گلونو میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کے دوران 14 خوارج کو مارا گیا تھا جو بھارتی سرپرستی میں دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔
اسی طرح شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں سیکیورٹی فورسز نے 4 خوارج کو ٹھکانے لگایا، جبکہ بنوں میں ہونے والے ایک اور مقابلے میں ایک خارجی ہلاک کر دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مارے جانے والے تمام خوارج بھارتی سرپرستی میں ملک میں دہشت گردی کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے اور ان کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔
