راولپنڈی: بحرین کے وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل راشد بن عبداللہ الخلیفہ نے 10 رکنی اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری وزارتِ داخلہ و نارکوٹکس کنٹرول کیپٹن (ر) خرم آغا اور آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی بھی موجود تھے۔
ایس ایس پی ساؤتھ کے زیر صدارت آرڈرلی روم، 64 پولیس افسران و اہلکار پیش
ڈی جی اے این ایف میجر جنرل عبدالمعید ہلال امتیاز (ملٹری) نے معزز مہمان کا استقبال کیا اور انہیں انسداد منشیات کے حوالے سے اے این ایف کی آپریشنل کامیابیوں، تربیتی امور اور طلب میں کمی کے پروگراموں پر بریفنگ دی۔
ڈی جی اے این ایف نے بتایا کہ محدود وسائل اور افرادی قوت کے باوجود اے این ایف نہ صرف ملکی بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی منشیات اسمگلنگ کی روک تھام میں مؤثر کردار ادا کر رہی ہے۔
بحرینی وزیر داخلہ نے اے این ایف کی کارکردگی کو سراہا اور دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ انہوں نے خلیج تعاون کونسل (GCC) ممالک کے ساتھ انسداد منشیات کے حوالے سے اے این ایف کے اقدامات کو بھی سراہا اور آئندہ بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
لیفٹیننٹ جنرل راشد بن عبداللہ الخلیفہ نے کہا کہ بحرین پاکستان کے ساتھ خصوصی تعلقات کو اہمیت دیتا ہے اور منشیات کی روک تھام اور تربیتی شعبوں میں تعاون کو مزید آگے بڑھانے کا خواہاں ہے۔
