کراچی (اسٹاف رپورٹر) آئی جی سندھ غلام نبی میمن سے نادرا کے اعلیٰ سطحی افسران پر مشتمل 6 رکنی وفد نے سینٹرل پولیس آفس کراچی میں ملاقات کی۔ وفد کی قیادت چیئرمین ریگولیشنز نادرا ڈاکٹر محمد رحیم اعوان نے کی، جبکہ چیف لیگل افسر منیب چیمہ، ڈائریکٹر جنرل کراچی و نادرا سکھر محمد عامر سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔
لیاری ندی سے دو لاشیں برآمد، ریسکیو 1122 کا سرچ آپریشن مکمل
ملاقات میں ڈی جی سیف سٹی اتھارٹی کراچی، ڈی آئی جیز ہیڈکوارٹرز، اسٹیبلشمنٹ، آئی ٹی، سی ٹی ڈی، اسپیشل برانچ اور دیگر پولیس افسران شریک ہوئے۔
اجلاس میں نادرا اور سندھ پولیس کے درمیان ڈیجیٹل اصلاحات، سہولیات کی فراہمی اور کرمنلز ڈیٹا بینک کے قیام کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کی گئی۔
ڈی آئی جی آئی ٹی نے سندھ پولیس کی جانب سے تیار کردہ مختلف ڈیجیٹل ایپلیکیشنز اور نادرا ڈیٹا بیس کے استعمال پر بریفنگ دی۔ ان کا کہنا تھا کہ نادرا انتہائی پیشہ ورانہ انداز میں ڈیٹا کلیکشن کو منظم اور محفوظ کر رہا ہے جبکہ سندھ پولیس نامعلوم چہروں، فنگر پرنٹس اور دیگر ڈیجیٹل فٹ پرنٹس کی شناخت کے لیے نادرا سے معاونت حاصل کر رہی ہے۔
ڈی آئی جی نے کہا کہ حساس اور سنگین نوعیت کے کیسز میں ملوث ملزمان کی شناخت اور معلومات کی بروقت فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ تحقیقات کو مزید مؤثر بنایا جاسکے۔
