کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایت پر چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ نے کمشنر آفس کے کنٹرول روم سے شہر کی انتظامیہ کو ہائی الرٹ کر دیا۔ آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران بارش کا نیا اسپیل متوقع ہے۔
راولپنڈی میں ڈینگی کے وار، 24 گھنٹوں میں 12 نئے مریض رپورٹ
چیف سیکریٹری نے تمام ڈپٹی کمشنرز اور بلدیاتی اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ عوامی خدمت کے لیے فیلڈ میں موجود رہیں اور نکاسی آب کے انتظامات یقینی بنائیں۔
کمشنر کراچی نے اسسٹنٹ کمشنرز اور میونسپل کمشنرز کو حکم دیا ہے کہ ندی نالوں اور نکاسی آب کی فوری جانچ کی جائے اور ضرورت کے مطابق مشینری تعینات کی جائے تاکہ شہریوں کو بارش کے دوران مشکلات کا سامنا نہ ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹریفک پولیس ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے اقدامات کرے جبکہ پی ڈی ایم اے کی فراہم کردہ مشینری کو ہر وقت تیار رکھا جائے۔
ادھر پی ڈی ایم اے سندھ نے بھی اپنی تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے سلمان شاہ نے شاہراہ فیصل اور ڈرگ روڈ پر نصب پمپس کا معائنہ کیا اور ان کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ان کے مطابق شہر میں 13 ڈی واٹرنگ پمپس نصب کیے گئے ہیں جبکہ 3 مزید پمپس ایمرجنسی صورتحال کے لیے تیار رکھے گئے ہیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں کیونکہ بارش مختلف اوقات میں وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔
