کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال (یونیسیف) کی پاکستان میں نئی نمائندہ پرنیلے آئرنسائیڈ نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے انہیں خوش آمدید کہا اور امید ظاہر کی کہ ان کی مدت کے دوران صوبائی حکومت اور یونیسیف کے درمیان شراکت داری مزید مضبوط ہوگی۔
ناظم آباد پولیس کی دبنگ کارروائی، رکشے میں ڈکیتی کرنے والے 2 خطرناک ملزمان 24 گھنٹوں میں گرفتار
ملاقات میں وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری آغا واصف، سیکریٹری وزیراعلیٰ رحیم شیخ اور یونیسیف کراچی کے چیف فیلڈ آفیسر پریم بہادر چند بھی شریک تھے۔ گفتگو کے دوران سیلابی صورتحال اور متاثرہ کمیونٹیز کی بحالی پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔
وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا کہ سیلاب کے دوران یونیسیف کی معاونت انتہائی مؤثر ثابت ہوئی اور اس کے تعاون سے زچہ و بچہ کی خدمات سمیت بنیادی صحت کی سہولتوں کو بہتر بنایا گیا، جس سے پانچ لاکھ پچپن ہزار سے زائد افراد براہِ راست مستفید ہوئے۔
یونیسیف نے صوبے میں ویکسین کے لیے کولڈ چین سسٹم کی بحالی اور اسپتالوں میں نوزائیدہ بچوں کو پیدائش کے وقت ویکسین دینے کی سہولت بھی یقینی بنائی۔
ملاقات کے دوران سندھ میں جاری یونیسیف منصوبوں پر بھی بات ہوئی جن میں شامل ہیں:
-
سندھ اسکول ڈیلی مانیٹرنگ سسٹم برائے حاضری اور ڈراپ آؤٹ کی روک تھام،
-
اسٹا ڈیپ تعلیمی اصلاحات پروگرام،
-
غیر رسمی تعلیمی مراکز،
-
بچوں کے لیے محفوظ مقامات اور نفسیاتی معاونت،
-
لڑکیوں کے لیے ہنر و روزگار کی تربیتی اسکیمیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ سندھ حکومت تعلیم، صحت اور بچوں کے تحفظ کے شعبوں میں یونیسیف کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور آئندہ بھی مل کر کام جاری رکھا جائے گا۔
