اسلام آباد: وزیرِاعظم شہباز شریف نے یومِ بحریہ کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں پاک بحریہ کے افسران اور جوانوں کی جرات، عزم اور پیشہ ورانہ خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ وزیرِاعظم نے کہا کہ معرکۂ حق میں پاک بحریہ نے اپنی روشن تاریخ کے عین مطابق کامیاب دفاع کرتے ہوئے ثابت کیا کہ پاکستان اپنی آبی سرحدوں اور سالمیت کا ہر قیمت پر تحفظ کرنا جانتا ہے۔
یومِ بحریہ: صدر آصف علی زرداری کا پاک بحریہ کے شہداء اور جوانوں کو خراجِ تحسین
شہباز شریف نے کہا کہ یومِ بحریہ صرف ایک یادگار دن ہی نہیں بلکہ پاکستان کی آبی حدود کے دفاع کے عزم کو تازہ کرنے کا موقع بھی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک بحریہ کی تاریخ بہادری کی داستانوں سے بھری پڑی ہے اور 1965 کی جنگ میں آپریشن سومنات اس کی شاندار مثال ہے، جس میں پاک بحریہ نے بھارتی شہر دوارکا پر فیصلہ کن حملہ کر کے دشمن کا مواصلاتی نظام تباہ کر دیا۔
وزیرِاعظم نے کہا کہ یہ آپریشن نہ صرف پاک بحریہ کی عملی صلاحیت اور بہادری کا مظہر تھا بلکہ اس نے ملکی خودمختاری کے غیر متزلزل دفاع کی بنیاد بھی رکھی۔ ان کے مطابق یہ تاریخی معرکہ آج بھی بحری افواج کے جوانوں کے دفاعِ وطن کے جذبے کو تازہ کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاک بحریہ نہ صرف جنگی محاذ پر بلکہ پاکستان کی آبی معیشت، بندرگاہوں کی ترقی، آبی کمیونٹی کی فلاح اور خطے میں امن و استحکام کے لیے بھی نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔ آفات میں انسانی امداد، بین الاقوامی مشقوں اور آبی گزرگاہوں کے تحفظ میں پاک بحریہ کی خدمات نے دنیا بھر میں پاکستان کا وقار بلند کیا ہے۔
وزیرِاعظم نے کہا کہ فخر سے کہا جا سکتا ہے کہ پاک بحریہ ملک کی محافظ ہونے کے ساتھ ساتھ تابناک مستقبل کی معمار بھی ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاک بحریہ، مسلح افواج اور پاکستان کو ترقی، خوشحالی اور کامیابی سے ہمکنار فرمائے۔
