اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے یومِ بحریہ کے موقع پر اپنے پیغام میں پاک بحریہ کے افسران و جوانوں کی بہادری، جرات اور خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ صدر کا کہنا تھا کہ 1965 کی جنگ میں پاک بحریہ نے دلیری اور ہمت کی نئی تاریخ رقم کی اور آپریشن سومنات دشمن کے لیے خوف جبکہ پاک بحریہ کے لیے فخر کی علامت ثابت ہوا۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ یومِ بحریہ اس عزم کی تجدید ہے کہ پاک بحریہ ہر محاذ پر قوم کا دفاع جاری رکھے گی۔ ان کے مطابق پاک بحریہ آج ایک جدید اور کثیرالجہتی فورس کے طور پر ابھر چکی ہے جو نہ صرف ملکی سمندری حدود بلکہ تجارتی راستوں کے تحفظ اور عالمی امن مشنز میں بھی اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص کے دوران پاک بحریہ نے سمندری حدود کا تحفظ کرتے ہوئے دشمن کی کسی بھی ممکنہ جارحیت کو ناکام بنایا۔ صدر نے مزید کہا کہ قوم اپنے شہداء اور غازیوں پر فخر کرتی ہے اور یومِ بحریہ کے موقع پر ہم ان کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔