کراچی: پاکستان اسٹاک مارکیٹ نے نئی تاریخ رقم کر دی، کاروباری ہفتے کے پہلے روز مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھنے میں آئی اور کے ایس ای 100 انڈیکس پہلی مرتبہ 1,55,000 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
مارکیٹ کا آغاز 780 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ ہوا۔ کاروبار کے دوران انرجی، آئل اینڈ گیس اور سیمنٹ کمپنیوں کے بلوچپس شیئرز میں سرمایہ کاروں کی بھرپور دلچسپی دیکھی گئی۔ گزشتہ ہفتے کے اختتام پر انڈیکس 1,54,277 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اسٹاک ایکسچینج کی تاریخی سطح عبور کرنے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ سرمایہ کاروں اور کاروباری برادری کے حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کا ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ حال ہی میں چین کے نجی شعبے کے ساتھ پاکستانی کمپنیوں کے اربوں ڈالر کے معاہدے اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے ہیں، جن سے سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا، نئی صنعتیں قائم ہوں گی، برآمدات بڑھیں گی اور روزگار کے مزید مواقع پیدا ہوں گے۔
وزیراعظم نے معاشی ٹیم کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہی اقدامات کے باعث ملکی معیشت درست سمت میں گامزن ہے۔
