کراچی (اسٹاف رپورٹر) معروف پاکستانی امریکن بزنس مین اور سماجی کارکن ڈاکٹر انوش احمد نے یومِ دفاع پاکستان کے موقع پر قوم کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے 1965ء کی جنگ کے شہداء اور غازیوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔
سندھ پولیس کا انمول ہیرا راجہ عمر خطاب ریٹائر ہوگئے
اس موقع پر انوش فاؤنڈیشن کی جانب سے افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے ایک خصوصی فلوٹ تیار کیا گیا، جسے آرمی چیف جنرل عاصم منیر، دیگر سروسز چیفس، شہداء اور غازیوں کی تصاویر سے مزین کیا گیا تھا۔ فلوٹ کو کراچی کے مختلف علاقوں میں گھمایا گیا، جہاں تحریکِ آزادی سے متعلق دستاویزی فلمیں دکھائی گئیں، بانیِ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی تقاریر، قومی ترانے اور ملی نغمے بھی پیش کیے گئے، جنہوں نے فضا کو حب الوطنی کے جذبے سے سرشار کر دیا۔
فلوٹ کے موقع پر بچوں میں قومی پرچم کے بیجز، کیپس، بسکٹ اور جوس کے ڈبے تقسیم کیے گئے، جب کہ ربیع الاول کی مناسبت سے بھی پرچم اور بیجز بانٹے گئے۔ اس موقع پر فضائیں پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھیں۔
اپنے پیغام میں ڈاکٹر انوش احمد نے کہا کہ 6 ستمبر ہماری تاریخ کا وہ روشن دن ہے جو یاد دلاتا ہے کہ افواجِ پاکستان نے ناقابلِ تسخیر جرات اور بہادری کے ساتھ وطن کا دفاع کیا۔ آج ہر پاکستانی پر فرض ہے کہ وہ اپنے وطن کے استحکام اور ترقی کے لیے متحد ہو کر کردار ادا کرے۔
انہوں نے کہا کہ جس طرح 1965ء میں ہماری بہادر افواج نے قربانی اور فرض شناسی کی مثال قائم کی، اسی طرح مئی 2025ء میں آپریشن بنیان مرصوص کے دوران بھی ہمارے جوانوں نے جرات و جانفشانی کی نئی تاریخ رقم کی۔
ڈاکٹر انوش احمد نے کہا کہ یومِ دفاع محض ایک یادگار نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے حوصلے اور عزم کا پیغام ہے۔ یہ دن ہمیں اتحاد، قربانی اور حب الوطنی کا سبق دیتا ہے۔ آج کے نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ تعلیم، محنت اور اعلیٰ کردار کے ذریعے پاکستان کا روشن مستقبل تعمیر کریں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا راز قومی یکجہتی میں ہے، جب قوم ایک ہو کر آگے بڑھے گی تو دنیا کی کوئی طاقت ہمیں نقصان نہیں پہنچا سکتی۔

