اسلام آباد: پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف (نشانِ امتیاز، نشانِ امتیاز ملٹری، تمغۂ بسالت) نے یومِ دفاع پاکستان کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ 6 ستمبر ہماری قومی تاریخ کا وہ روشن دن ہے جو پاکستان کی مسلح افواج کی بے مثال قربانیوں اور بہادری کی یاد دلاتا ہے۔ یہ دن ہمیں مادرِ وطن کے دفاع اور سا لمیت کے تحفظ کے عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے۔
ناظم آباد یوسی 2 وارڈ 1: بڈا میدان کی سڑکیں تباہ حال، شہری پریشان
ایڈمرل نوید اشرف نے کہا کہ یہ دن شہداء کی عظیم قربانیوں کو سلام پیش کرنے کا دن ہے جنہوں نے پاکستان کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنانے کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔ 1965ء کی جنگ کے معرکہ حق میں پوری قوم اور مسلح افواج نے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔
اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان نیوی نے اپنی مثالی جنگی تیاریوں اور سمندری نگرانی کے ذریعے ملکی بحری سرحدوں کا دفاع کیا اور بھارتی بحریہ کو اپنے پانیوں تک محدود رکھ کر اس کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔
ایڈمرل نوید اشرف نے کہا کہ یومِ دفاع شجاعت، اتحاد اور قومی ولولے کا روشن مینارہ ہے جو ہمیں کامل وفاداری، قربانی اور ایقان کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں نبھانے کی تلقین کرتا ہے۔ پاک بحریہ اپنے شہداء اور غازیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے اور قومی سلامتی و معاشی استحکام کے لیے بحری سرحدوں کے دفاع کے عہد کی تجدید کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حقیقی طاقت صرف عسکری قوت یا وسائل میں نہیں بلکہ عوام کے اتحاد اور ثابت قدمی میں ہے۔ تاریخ گواہ ہے کہ چاہے وہ 1965ء کی جنگ ہو یا حالیہ سیلاب جیسی قدرتی آفات، عوام اور افواجِ پاکستان نے ہمیشہ یکجہتی اور ہمت کے ساتھ مشکلات کا مقابلہ کیا ہے۔
ایڈمرل نوید اشرف نے یومِ دفاع کے موقع پر قوم سے اپیل کی کہ ہر شہری بے لوث خدمت، عظیم قربانی اور وفاداری جیسے اقدار کو اپنائے تاکہ یومِ دفاع کی روح ہمیشہ زندہ رہے اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کی راہیں روشن کرتی رہے۔
