دادو/سکھر: سندھ کے مختلف اضلاع میں سیلابی صورتحال کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ اور امدادی اداروں کی کارروائیاں جاری ہیں۔ محکمہ اطلاعات سندھ کے مطابق دادو، روہڑی، لاڑکانہ سمیت متاثرہ علاقوں میں لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جارہا ہے اور میڈیکل ریلیف کیمپس قائم کیے گئے ہیں۔
سیلابی صورتحال: سندھ حکومت کی تیاریوں کا جائزہ، وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کی زیر صدارت اہم اجلاس
دادو کے علاقے امیرا پیر امینانی، تحصیل دادو کے ایل ایس پروٹیکشن بند پر فلڈ ایمرجنسی میڈیکل ریلیف کیمپ قائم کیا گیا ہے جہاں خواتین او پی ڈی اور ایم سی ایچ سروسز فراہم کی جارہی ہیں۔
ادھر سکھر اور کنڈیارو کے کچہ کے علاقوں سے مجموعی طور پر 42 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔ کنڈیارو کے محبت دیرو زیرو پوائنٹ سے 21 افراد (19 مرد اور 2 خواتین) کو محفوظ مقام منتقل کیا گیا جبکہ تعلقہ نیو سکھر، یو سی نصیر آباد کے گاؤں حاجی فقیر محمد جتوئی سے بھی 21 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا، جن میں 14 مرد، ایک خاتون اور 6 بچے شامل ہیں۔
پرونشل رین اینڈ فلڈ ایمرجنسی مانیٹرنگ سیل کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق:
-
گڈو بیراج پر اپ اسٹریم میں پانی کی آمد 3,60,490 کیوسک اور ڈاؤن اسٹریم میں اخراج 3,27,481 کیوسک ہے۔
-
سکھر بیراج پر اپ اسٹریم میں آمد 3,31,155 کیوسک اور ڈاؤن اسٹریم میں اخراج 2,77,355 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔
-
کوٹری بیراج پر اپ اسٹریم میں پانی کی آمد 2,38,686 کیوسک اور ڈاؤن اسٹریم میں اخراج 2,09,431 کیوسک ہے۔
-
تریموں بیراج پر پانی کی آمد و اخراج 3,31,695 کیوسک تک پہنچ گیا۔
-
پنجند بیراج پر اپ اسٹریم آمد و اخراج 3,10,479 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ اطلاعات سندھ کے مطابق تمام اضلاع کی انتظامیہ کو الرٹ رہنے اور متاثرہ افراد کو فوری امداد فراہم کرنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔
