کراچی: 12 ربیع الاول کے موقع پر جشنِ عید میلاد النبی ﷺ کے حوالے سے واٹر کارپوریشن نے شہر بھر میں فراہمی و نکاسی آب کے خصوصی انتظامات مکمل کرلیے ہیں۔
سندھ میں سیلاب ایمرجنسی، متاثرہ علاقوں سے مزید افراد کا انخلا – محکمہ اطلاعات سندھ
ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب اور سی ای او واٹر کارپوریشن احمد علی صدیقی کی ہدایت پر قبل از وقت اقدامات کو حتمی شکل دی گئی تاکہ عاشقانِ رسول ﷺ کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
واٹر کارپوریشن ضلعی انتظامیہ، عوامی نمائندوں، مذہبی رہنماؤں اور دیگر اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔ جلوسوں اور مجالس کے راستوں پر لیکیجز اور سیوریج کے مسائل حل کر دیے گئے ہیں جبکہ راستوں کی صفائی اور مین ہولز کی مرمت بھی مکمل کرلی گئی ہے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ مساجد، مدارس، سبیلوں، مجالس اور جلوسوں کے مقامات پر پانی کی بلا تعطل فراہمی جاری ہے، جبکہ مذہبی تنظیموں کی جانب سے لگائی جانے والی سبیلوں کو بلا معاوضہ واٹر ٹینکرز فراہم کیے جا رہے ہیں، جن کی نگرانی فوکل پرسن ٹو سی ای او برائے ہائیڈرنٹس سیل، شہباز بشیر پانی کر رہے ہیں۔
سی ای او واٹر کارپوریشن احمد علی صدیقی نے کہا کہ مذہبی تہواروں پر شہریوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنا ادارے کی اولین ترجیح ہے، فراہمی و نکاسی آب کے نظام کی بہتری کے لیے مزید اقدامات بھی جاری ہیں۔
