کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایس ایس پی ڈسٹرکٹ ساؤتھ مہزور علی نے انسداد پولیو مہم کے چوتھے روز سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے پولیو کیمپ کا دورہ کیا۔
بن قاسم پولیس کی بڑی کارروائی، جعلی اور مضر صحت ادویات فروخت کرنے والا گروہ گرفتار
ایس ایس پی ساؤتھ نے مہم کے دوران قائم کیے گئے مختلف کیمپس کا معائنہ کیا، ڈیوٹی پر تعینات پولیس افسران، جوانوں اور پولیو ورکرز سے ملاقات کی اور انہیں سیکیورٹی سے متعلق ضروری ہدایات اور بریفنگ دی۔
ڈسٹرکٹ ساؤتھ پولیس کے مطابق پولیو ٹیموں کی حفاظت کے لیے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں اور تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں تاکہ ورکرز کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے اور مہم کامیابی سے مکمل ہو۔
ایس ایس پی مہزور علی نے اس موقع پر کہا کہ پولیس فورس اپنی قومی ذمہ داری بخوبی ادا کر رہی ہے اور سیکیورٹی اقدامات کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھایا جا رہا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ پولیو ٹیموں اور پولیس اہلکاروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ پولیو جیسے موذی مرض کا جڑ سے خاتمہ ہو سکے اور پاکستان کو پولیو فری بنانے کے مشن کو کامیاب بنایا جا سکے۔
