کراچی (اسٹاف رپورٹر) چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے کہا ہے کہ صوبے میں ممکنہ سیلاب کے پیش نظر اب تک 94 ہزار 864 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ وہ صوبائی رین اینڈ فلڈ ایمرجنسی مانیٹرنگ سیل کے دورے کے موقع پر صورتحال کا جائزہ لے رہے تھے۔
ایس ایس پی ساؤتھ مہزور علی کا پولیو مہم کے دوران سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ
محکمہ آبپاشی اور متعلقہ اداروں کے افسران نے چیف سیکریٹری کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گڈو بیراج پر اس وقت اپ اسٹریم میں پانی کی آمد 3 لاکھ 37 ہزار 771 کیوسک جبکہ ڈاؤن اسٹریم میں اخراج 3 لاکھ 11 ہزار 834 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔
چیف سیکریٹری سندھ نے کہا کہ ضلع انتظامیہ عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے اعلانات کر رہی ہے، جبکہ سندھ حکومت نے 10 لاکھ کیوسک سیلابی ریلے کے لیے بھرپور تیاری مکمل کر لی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایت پر 24 گھنٹے مانیٹرنگ جاری ہے، وزیراعلیٰ سندھ خود ہر 24 گھنٹے بعد صورتحال کا جائزہ لیتے ہیں۔
آصف حیدر شاہ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ضلعی انتظامیہ سے مکمل تعاون کریں تاکہ کسی بھی جانی یا مالی نقصان سے بچا جا سکے۔ ان کے مطابق سندھ حکومت نے صوبے بھر میں 950 ریلیف کیمپس اور 750 کشتیاں انخلا کے لیے مختص کر دی ہیں، جبکہ صوبائی، ڈویژن اور ضلعی سطح پر کنٹرول رومز اور مانیٹرنگ سیلز قائم کیے جا چکے ہیں۔
چیف سیکریٹری نے مزید کہا کہ پاکستان آرمی، نیوی اور ریسکیو 1122 سمیت تمام اداروں سے قریبی رابطہ رکھا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی کی جا سکے۔
