اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) حالیہ بارشوں اور سیلاب سے پاکستان میں ٹیلی کام سروسز کو شدید نقصان پہنچا، ملک بھر میں 4 ہزار 349 ٹیلی کام سائٹس متاثر ہوئیں جن میں سے 4 ہزار 137 سائٹس کو بحال کر دیا گیا ہے، جب کہ 212 سائٹس تاحال غیر فعال ہیں۔
واپڈا کی ریونیو ضرورت میں 91 فیصد اضافے کی درخواست، پن بجلی نرخوں میں بڑا اضافہ متوقع
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے ذرائع نے بتایا کہ تمام متاثرہ 212 سائٹس پنجاب میں واقع ہیں جہاں بحالی کا کام جاری ہے۔ پانی کی زیادتی اور بجلی کی فراہمی میں رکاوٹ کے باعث پاور سپلائی مسائل درپیش ہیں، جس سے بحالی کے عمل میں تاخیر ہو رہی ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق ٹیلی کام کمپنیاں اور اتھارٹی کی ٹیمیں متاثرہ سائٹس کی بحالی کے لیے مسلسل رابطے میں ہیں اور موبائل فون و انٹرنیٹ سروسز کی بلا تعطل فراہمی کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
یاد رہے کہ 16 اگست کو پی ٹی اے نے اعلان کیا تھا کہ خیبر پختونخوا سمیت ملک کے مختلف سیلاب زدہ علاقوں میں ٹیلی کام صورتحال پر مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ سیلاب کے باعث متعدد موبائل اور فکسڈ لائن سائٹس متاثر ہوئیں جس سے سروسز میں تعطل آیا، تاہم پی ٹی اے اور ٹیلی کام آپریٹرز ضلعی انتظامیہ اور دیگر اداروں کے تعاون سے بحالی کا عمل تیز کر رہے ہیں۔
