کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈی آئی جی ویسٹ عرفان بلوچ اور ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل ذیشان شفیق صدیقی نے آٹھ ربیع الاول کو رضویہ سوسائٹی کی حدود میں قصرِ مصیب سے برآمد ہونے والے چُپ تعزیہ جلوس کے سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
ضلع وسطی میں سول ڈیفنس کے نظام کو ری ویمپ کرنے کا فیصلہ
اس موقع پر افسران نے انٹری اور ایگزٹ پوائنٹس، روف ٹاپ سیکیورٹی، پولیس پکٹس اور اطراف کے علاقے کی کڑی نگرانی سمیت تمام انتظامات کا بغور معائنہ کیا۔ پولیس اہلکاروں کو ہدایت کی گئی کہ دورانِ جلوس عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں فوری ردعمل کے لیے مکمل الرٹ رہا جائے۔
ڈی آئی جی ویسٹ اور ایس ایس پی سینٹرل نے کہا کہ جلوس کے روٹ پر تعینات افسران و اہلکار اپنی ذمہ داریاں ایمانداری اور یکسوئی سے ادا کریں تاکہ امن و امان کی فضاء برقرار رہے۔
ترجمان ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل کے مطابق تمام سیکیورٹی اقدامات جلوس کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے کیے گئے ہیں۔

