کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان سنی تحریک کراچی ڈویژن کے زیر اہتمام 1500 سالہ ربیع النور کے سلسلے میں تیاریوں کا اجلاس صدر کراچی ڈویژن محمد جواد قادری کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں جنرل سیکرٹری کراچی ڈویژن محمد شہباز قادری، انفارمیشن سیکرٹری عمران قادری، رابطہ کمیٹی کے ارکان، ڈسٹرکٹ اور سیکٹر ذمہ داران شریک ہوئے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر کراچی ڈویژن محمد جواد قادری نے کہا کہ ذمہ داران اور کارکنان 12 ربیع الاول کی خصوصی تیاریاں کریں۔ یہ ہماری خوش نصیبی ہے کہ ہم نبی اکرم حضرت محمد مصطفیٰ احمد مجتبیٰ ﷺ کا پندرہ سوواں جشن ولادت عقیدت و احترام کے ساتھ منانے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سنی تحریک کے کارکنان اور ذمہ داران انتظامیہ کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے جلوس اور میلاد ریلیوں کی گزرگاہوں پر صفائی ستھرائی اور روشنی کا معقول انتظام یقینی بنائیں، گلی محلوں اور چوراہوں پر چراغاں کا خصوصی اہتمام کیا جائے تاکہ جشن عید میلاد النبی ﷺ پورے جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا سکے۔
محمد جواد قادری نے کہا کہ ہر عاشق رسول ﷺ کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ آقائے دو جہاں کی خوشنودی حاصل کرنے کے لیے اپنا سب کچھ قربان کر دے، اسی جذبے کے تحت پاکستان سنی تحریک ہر سال جشن عید میلاد النبی ﷺ بھرپور عقیدت و احترام کے ساتھ مناتی ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ ڈسٹرکٹ اور سیکٹر ذمہ داران مرکزی جلوس اور میلاد ریلی کی تیاریوں کے سلسلے میں مرکز سے رابطے میں رہیں اور سیکیورٹی کے انتظامات کے حوالے سے بھی انتظامیہ سے مستقل مشاورت کریں۔ اس موقع پر علمائے کرام، مشائخ عظام اور علاقہ معززین سے بھی رابطے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
