اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) بحرین کی افواج کے چیف آف اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل تھیاب صقر عبداللہ النعیمی نے پاکستان ائیر فورس کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ دفاعی تعاون، مشترکہ تربیت اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملیر کینٹ پولیس کی بڑی کارروائی، اسکریپ چوری کرنے والا ملزم گرفتار
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے دفاعی تعلقات کو مزید وسعت دینے، فضائی افواج کی مشترکہ تربیت کو فروغ دینے اور ملٹی ڈومین وارفیئر کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔
لیفٹیننٹ جنرل النعیمی کی آمد پر پاک فضائیہ کے دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا، بعد ازاں ایئر ہیڈ کوارٹرز میں انہیں پاک فضائیہ کی آپریشنل تیاریوں، پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور جدید تربیتی نظام پر بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا کہ پاکستان اور بحرین کے درمیان دیرینہ مذہبی و تاریخی تعلقات افواج کے درمیان مضبوط اور پائیدار تعاون کی بنیاد ہیں۔ انہوں نے عسکری تعاون، مشترکہ تربیت اور علمی تبادلوں کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
لیفٹیننٹ جنرل النعیمی نے پاک فضائیہ کی آپریشنل مہارت، تکنیکی برتری اور پیشہ ورانہ معیار کو سراہا اور کہا کہ بحرینی افواج پاک فضائیہ کے تجربات سے سیکھنے میں گہری دلچسپی رکھتی ہیں۔ انہوں نے بحرینی پائلٹس اور انجینئرز کے لیے مشترکہ تربیتی پروگرامز اور ملٹی ڈومین وارفیئر ٹریننگ کے آغاز میں دلچسپی ظاہر کی۔
ماہرین کے مطابق یہ ملاقات دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کی جانب ایک اہم سنگِ میل ہے۔
