فلڈ ایمرجنسی مانیٹرنگ سیل کی جانب سے سندھ کے بیراجوں میں پانی کی آمد و اخراج کے تازہ ترین اعداد و شمار جاری کیے گئے ہیں۔ محکمہ آبپاشی سندھ کے فوکل پرسن زبیر چنہ کے مطابق گڈو بیراج پر اپ اسٹریم 318,229 کیوسک اور ڈاؤن اسٹریم 303,877 کیوسک پانی ریکارڈ کیا گیا۔
سندھ میں ممکنہ سیلابی صورتحال، 2 لاکھ افراد متاثر ہوسکتے ہیں: ترجمان سندھ حکومت
اسی طرح سکھر بیراج پر اپ اسٹریم 285,487 کیوسک جبکہ ڈاؤن اسٹریم میں اخراج 234,717 کیوسک رہا۔ کوٹری بیراج پر اپ اسٹریم 273,844 کیوسک اور ڈاؤن اسٹریم 244,739 کیوسک پانی نوٹ کیا گیا۔
زبیر چنہ کے مطابق تریموں پر پانی میں اضافہ ریکارڈ ہوا ہے اور وہاں اپ اسٹریم 550,965 کیوسک تک پہنچ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیراجوں پر پانی کی آمد و اخراج کو مسلسل مانیٹر کیا جا رہا ہے اور صورتحال مکمل طور پر قابو میں ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ سندھ کے بیراجوں اور دریائی بندوں پر کوئی کمزور مقام موجود نہیں، ماضی میں جہاں مسائل سامنے آئے تھے، ان 102 پوائنٹس پر خصوصی طور پر بہتری اور مضبوطی کے اقدامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔
محکمہ آبپاشی سندھ کے مطابق حکومت سندھ نے احتیاطی حکمتِ عملی کے تحت تمام حساس مقامات پر عملہ، ضروری مشینری اور سازوسامان فراہم کردیا ہے جبکہ ہر وقت نگرانی جاری ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کا بروقت مقابلہ کیا جا سکے۔
فوکل پرسن زبیر چنہ نے کہا کہ عوام کو ہر طرح کے خدشات سے محفوظ رکھا جائے گا اور حکومت سندھ مکمل طور پر تیار ہے۔
