کندھ کوٹ (اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر ایکسائز سندھ مکیش کمار چاولہ نے بخشاپور بند کا دورہ کیا اور ممکنہ سیلاب سے بچاؤ کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے دریائے سندھ کے پشتوں کی مزید بھرائی اور مضبوطی کے کام کا بھی معائنہ کیا۔
ایس آر او 760 کی معطلی سے سونے کی برآمدات 50 سال کے بدترین بحران کا شکار، 15 ملین ڈالر کا خسارہ
اس موقع پر مکیش کمار چاولہ نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ کے خصوصی احکامات کے تحت دریائے سندھ پر ہر ممکن حفاظتی اقدامات کیے جارہے ہیں۔ وزراء پر مشتمل کمیٹی چوبیس گھنٹے دریا میں پانی کی صورتحال کو مانیٹر کر رہی ہے تاکہ عوام کو زیادہ نقصان سے بچایا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے باعث پاکستان میں تباہ کن صورتحال جنم لے رہی ہے۔ شدید بارشوں اور سیلاب نے کے پی اور پنجاب میں بھی بڑی تباہی مچائی ہے جبکہ بھارت کی جانب سے چھوڑے جانے والے پانی کے بعد دریاؤں میں طغیانی مزید نقصان کا باعث بن رہی ہے۔
مکیش کمار چاولہ نے کہا کہ سندھ حکومت قبل از وقت اقدامات کررہی ہے۔ ممکنہ سیلابی گزرگاہوں پر پشتوں کو بڑے پتھروں اور ریتی بجری کے تھیلوں سے مضبوط بنایا گیا ہے جبکہ سیلاب سے بچاؤ کے لیے تمام ضروری مشینری سرگرم عمل ہے اور ضرورت پڑنے پر مزید مشینری کو اسٹینڈ بائی پر رکھا گیا ہے۔
