میلاد النبیؐ کے جلوسوں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے، پاکستان سنی تحریک

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان سنی تحریک کے نائب سربراہ محمد شاہد غوری نے کہا ہے کہ میلاد شریف کے جلوسوں، ریلیوں اور پروگرامات کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے۔ سوشل میڈیا پر توہین آمیز ویڈیوز اور تصاویر فوری ہٹائی جائیں، شعائر اسلام کی توہین کرنے والے اسلام اور پاکستان کے دشمن ہیں، ان سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔

ممکنہ سیلاب سے بچاؤ کے لیے سندھ حکومت کے اقدامات جاری، مکیش کمار چاولہ کا بخشاپور بند کندھ کوٹ کا دورہ

انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں جشنِ عید میلاد النبی ﷺ شایان شان طریقے سے منانے کے لیے عاشقانِ رسول ﷺ گلی، محلوں، بازاروں اور گھروں کو سبز جھنڈوں سے سجا رہے ہیں۔ نبی کریم ﷺ وجہِ تقلید کائنات ہیں اور 1500 سالہ جشنِ ولادت احترام و درود و سلام کی صداؤں میں منایا جائے گا۔

شاہد غوری نے بتایا کہ پاکستان سنی تحریک کی عظیم الشان میلاد ریلی 11 ربیع الاول کی رات لیاقت آباد ڈاکخانہ سے نکلے گی اور چھٹن شاہ بابا کے مزار کھارادر پر اختتام پذیر ہوگی، جب کہ 12 ربیع الاول کو میلاد جلوس مرکز اہلسنت معین پلازہ سے شروع ہو کر نمائش (نورانی چورنگی) پر استقبالیہ کیمپ میں اختتام پذیر ہوگا۔ ان ریلیوں اور جلوسوں کی قیادت سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد شاداب رضا نقشبندی کریں گے اور استقبالیہ کیمپ میں خطاب بھی کریں گے۔

یہ بات انہوں نے ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو سے ربیع الاول کے میلاد جلوسوں و ریلیوں کی سیکیورٹی کے حوالے سے ملاقات میں کہی۔ اس موقع پر مرکزی رہنماؤں محمد سلیم قادری، فہیم الدین شیخ اور محمد آفتاب قادری بھی موجود تھے۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے میلاد ریلیوں اور جلوسوں کو مکمل سیکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ جلوسوں کے راستوں کی سخت نگرانی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان قائم رکھنے کے لیے سب کو اپنی ذمہ داری ادا کرنی ہوگی۔ ربیع الاول میں علمائے کرام و مشائخ کو بھی سیکیورٹی فراہم کی جائے گی اور میلاد جلوسوں میں سیکیورٹی و سہولیات کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!