پولینڈ کی فوج کے مطابق وسطی شہر ریڈوم میں جمعرات کو ایئر شو کی مشق کے دوران ایف-16 جنگی طیارہ گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں طیارے کا پائلٹ موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔
اماراتی ذرائع کا دعویٰ یمن کے وزیراعظم اسرائیلی فضائی حملے میں جاں بحق انصاراللہ کی تردید
پولینڈ کے وزیر دفاع ولادیسلاو کوسینیئک-کامیژ حادثے کی جگہ پہنچے اور بعدازاں ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں کہا کہ "ایک پولش آرمی کے پائلٹ نے ایف-16 حادثے میں جان دی، وہ ایک ایسا افسر تھے جو ہمیشہ لگن اور بے پناہ ہمت کے ساتھ ملک کی خدمت میں مصروف رہے۔” انہوں نے مرحوم کو خراج تحسین پیش کیا۔
پولینڈ کی افواج کے جنرل کمانڈ نے تصدیق کی کہ تباہ ہونے والا طیارہ پوزنان کے قریب 31 ویں ٹیکٹیکل ایئر بیس سے تعلق رکھتا تھا۔ فوج کے مطابق خوش قسمتی سے حادثے میں کوئی راہ گیر زخمی نہیں ہوا اور جائے وقوعہ پر فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا۔
مقامی میڈیا کی رپورٹس اور عینی شاہدین کی ویڈیوز کے مطابق طیارہ تیزی کے ساتھ نیچے آیا اور زمین سے ٹکراتے ہی مکمل طور پر تباہ ہوگیا، جس کے بعد سیاہ دھوئیں کے بادل فضا میں پھیل گئے۔ ایئر شو دیکھنے کے لیے موجود عوام نے یہ منظر اپنی آنکھوں سے دیکھا اور افسوس کا اظہار کیا۔
حادثے کے نتیجے میں رن وے کو بھی نقصان پہنچا جس کے باعث ایئر شو کے منتظمین نے اعلان کیا کہ 30 اور 31 اگست کو ہونے والا ریڈوم ایئر شو منسوخ کر دیا گیا ہے۔
