سکھر: سندھ کے صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ صوبے میں سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام تیاریاں مکمل ہیں اور اصل صورتحال پنجند کے مقام پر واضح ہوگی۔
ناصر حسین شاہ نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ اگر دریائے سندھ میں سات لاکھ کیوسک پانی آیا تو لوگوں کو نقل مکانی کرنا پڑے گی، جبکہ خیرپور کے کچے کے علاقوں میں چھ لاکھ کیوسک پر ہی انخلا شروع ہو جاتا ہے۔
انہوں نے پنجاب میں جاری صورتحال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دعا ہے وہاں حالات بہتر ہوں۔ سندھ میں تاحال کوئی تشویشناک صورتحال نہیں تاہم اگر بارشیں ہوئیں یا بھارت نے مزید پانی چھوڑا تو مشکلات بڑھ سکتی ہیں۔
دوسری جانب فلڈ کنٹرول روم کے مطابق دریائے سندھ میں گڈو بیراج کے مقام پر پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہو رہا ہے اور وہاں درمیانے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔ فلڈ کنٹرول روم کے اعداد و شمار کے مطابق گڈو بیراج پر پانی کی آمد 3 لاکھ 95 ہزار 105 کیوسک جبکہ اخراج 3 لاکھ 64 ہزار 104 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔
فلڈ کنٹرول روم کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران گڈو بیراج پر پانی کے بہاؤ میں مزید اضافہ متوقع ہے۔
