اسلام آباد: وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (NIH) میں قائم ہیلتھ ایمرجنسی آپریشن سیل کا دورہ کیا جہاں انہیں حالیہ سیلابی صورتحال اور متاثرہ علاقوں میں طبی سہولیات کی فراہمی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر وفاقی سیکریٹری صحت حامد یعقوب شیخ، سی ای او NIH، عالمی ادارہ صحت (WHO) کے نمائندے، ڈی جی ہیلتھ اسلام آباد اور چاروں صوبوں کے اعلیٰ صحت حکام شریک تھے۔
سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی شہر بھر میں غیرقانونی تعمیرات کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں
وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ وزارت صحت اور اس کے ذیلی ادارے ہر ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر الرٹ ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ سیلاب متاثرین کو بروقت اور معیاری طبی امداد فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ سیلابی صورتحال سے متعلق مؤثر رابطے کے لیے فوکل پرسنز کی نامزدگی مکمل کر لی گئی ہے جبکہ وزارت صحت، این ڈی ایم اے اور صوبائی حکومتیں باہمی کوآرڈی نیشن کے ساتھ کام کر رہی ہیں۔
وزیر صحت نے اجلاس کے دوران حکام کو ہدایت دی کہ ادویات کے وافر ذخائر ہر وقت تیار رکھے جائیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل دیا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان کے متاثرہ علاقوں میں ضروری ادویات پہنچا دی گئی ہیں۔
مصطفیٰ کمال نے واضح کیا کہ وفاقی وزارت صحت صوبائی حکومتوں کے ساتھ مکمل تعاون میں ہے اور زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے ہر سطح پر مانیٹرنگ اور فوری رسپانس کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
