سندھ میں ممکنہ سیلابی صورتحال، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ کی زیر صدارت اہم اجلاس، تمام اداروں کو ہنگامی منصوبے تیار کرنے کی ہدایت

کراچی: چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ کی زیر صدارت صوبے میں ممکنہ سیلابی صورتحال کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں محکمہ آبپاشی، بلدیات، صحت، لائیو اسٹاک، پبلک ہیلتھ، پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122 سمیت دیگر محکموں کے افسران شریک ہوئے جبکہ تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شامل ہوئے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے برطانوی ہائی کمشنر کی ملاقات، انسداد دہشت گردی اور بارڈر سیکیورٹی پر تعاون بڑھانے پر اتفاق

اجلاس کو محکمہ آبپاشی نے دریاؤں میں پانی کے بہاؤ اور ابھرتی ہوئی سیلابی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔ چیف سیکریٹری سندھ نے کہا کہ پنجاب میں جاری بارشوں اور سیلاب کے باعث سندھ میں بھی بڑے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے، اس لیے صوبے بھر میں تمام تیاریاں ہنگامی بنیادوں پر مکمل کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی انتظامیہ سیلابی صورتحال کی 24 گھنٹے مانیٹرنگ کر رہی ہے اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی جا چکی ہیں۔

چیف سیکریٹری نے واضح کیا کہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ بھی اس حوالے سے اجلاس کی صدارت کر چکے ہیں جو حکومت کی سنجیدگی کو ظاہر کرتا ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ چیف سیکریٹری آفس، کمشنر آفسز اور ڈپٹی کمشنر آفسز میں کنٹرول رومز قائم کیے جائیں گے تاکہ عوامی شکایات اور سیلابی صورتحال کی فوری مانیٹرنگ یقینی بنائی جا سکے۔ لازمی خدمات فراہم کرنے والے محکموں کے افسران کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔

چیف سیکریٹری نے محکمہ صحت کو ملیریا اور آبی بیماریوں سے بچاؤ کی ادویات اور ویکسین کی وافر فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے زور دیا کہ سانپ کے کاٹے اور ریبیز کی ویکسین ہسپتالوں میں فوری دستیاب ہوں جبکہ محکمہ لائیو اسٹاک کو مویشیوں کی ویکسینیشن فوری مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی۔

مزید برآں، چیف سیکریٹری نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو پاک فوج، نیوی اور ریسکیو 1122 کے ساتھ قریبی رابطے میں رہنے کی ہدایت کی تاکہ بروقت ریسکیو اور ریلیف آپریشنز کیے جا سکیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ صوبے بھر میں مجموعی طور پر 188 ریسکیو کشتیاں دستیاب ہیں جبکہ ضرورت پڑنے پر مزید کشتیاں مقامی وینڈرز سے فوری حاصل کی جا سکیں گی۔

چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ نے کہا کہ بروقت اور فعال اقدامات ہی شہریوں اور مویشیوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنا سکتے ہیں۔ انہوں نے ہدایت دی کہ کمشنرز میڈیا کو باقاعدگی سے بریف کریں تاکہ عوام حکومت کی تیاریوں اور اقدامات سے باخبر رہ سکیں۔

67 / 100 SEO Score

One thought on “سندھ میں ممکنہ سیلابی صورتحال، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ کی زیر صدارت اہم اجلاس، تمام اداروں کو ہنگامی منصوبے تیار کرنے کی ہدایت

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!