اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف سے بیلاروس کے وزیر داخلہ عزت مآب ایون کبراکوو نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ وزیراعظم نے بیلاروس کے مہمان کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا اور دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کو وقت کے ساتھ مزید مضبوط قرار دیا۔
شرجیل میمن: سندھ میں ایمرجنسی نہیں، سیلابی صورتحال سے نمٹنے کی مکمل تیاری
وزیراعظم نے اپنے حالیہ دورۂ بیلاروس کا حوالہ دیتے ہوئے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس دورے کے دوران پاکستان اور بیلاروس کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے متعدد معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے۔
شہباز شریف نے کہا کہ خوشی ہے کہ دورۂ بیلاروس کے دوران طے پانے والے ایک اہم نکتے پر آج عملی پیش رفت ہوئی ہے، جس کے تحت پاکستان سے ہنر مند افراد کو بیلاروس کے مختلف شعبوں میں ملازمت کے مواقع فراہم کرنے کے لیے دونوں ممالک کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہو چکے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان بیلاروس کے صدر کے جلد دورۂ پاکستان کا منتظر ہے۔ ملاقات کے دوران بیلاروس کے وزیر داخلہ ایون کبراکوو نے پرتپاک استقبال اور بہترین میزبانی پر وزیراعظم پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔
