کراچی (اسٹاف رپورٹر) — گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کی زیر صدارت گورنر ہاؤس میں ربیع الاول کے سلسلے میں مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے جید علما کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں جشن ولادتِ رسول ﷺ کے انتظامات، محافل میلاد اور جلوسوں کے پُرامن انعقاد پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔
کورنگی میں کارروائی، شہریوں کو لوٹنے والے دو ملزمان گرفتار، اسلحہ اور موبائل فون برآمد
اجلاس میں رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد، مولانا بشیر فاروق، مفتی نعمان نعیمی، مولانا شفیع اکاڑوی، ڈاکٹر صدیق راٹھور، مولانا اکبر درس، مولانا حبیب عطاری سمیت دیگر ممتاز علما نے شرکت کی۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے انہیں بابرکت روز 12 ربیع الاول کو گورنر سندھ کے منصب پر فائز کیا، اسی نسبت سے وہ ہر سال اس مقدس مہینے کو بھرپور انداز میں منانے کا عزم رکھتے ہیں۔
کامران خان ٹیسوری نے اعلان کیا کہ یکم تا 12 ربیع الاول گورنر ہاؤس میں روزانہ محافل کا انعقاد ہوگا اور اس کے تمام اخراجات وہ ذاتی حیثیت میں برداشت کریں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ربیع الاول کے موقع پر 1500 ویں جشنِ ولادت کے طور پر یادگاری ٹکٹ اور سکہ جاری کرنے کی تجویز دی گئی ہے، جس کے لیے وہ وزیراعظم پاکستان اور گورنر اسٹیٹ بینک کو خط بھی لکھیں گے۔
اجلاس کے دوران علمائے کرام نے گورنر سندھ کو اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور شہر میں مذہبی رواداری، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور پُرامن فضا برقرار رکھنے پر زور دیا۔
