کراچی (اسٹاف رپورٹر) — ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو سے کراچی یونین آف جرنلسٹس (دستور) کے صدر نصراللہ چوہدری اور سیکرٹری ریحان خان چشتی کی قیادت میں 12 رکنی وفد نے ملاقات کی۔
کھوکھراپار میں افغان باشندوں کا مقامی شہریوں پر حملہ، تشویش کی فضا قائم
وفد میں نائب صدور منصور احمد، فاروق سمیع سمیت اظفر وقاص عباسی، عارف حبیب، عطاء الرحمن، ریحان حیدر، شفقت عزیز بھٹی، جنید شاہ، خدیجہ راٹھور اور انعم رزاق شامل تھے۔
ملاقات کے دوران صحافی برادری کو درپیش مسائل خصوصاً کراچی پریس کلب سے متعلقہ امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سیکرٹری ریحان چشتی نے کراچی پولیس چیف کو صحافی ممبران کے ساتھ پیش آنے والی وارداتوں کی فہرست بھی فراہم کی۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی نے صحافیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے پولیس اور صحافیوں پر مشتمل کمیٹی تشکیل دینے کے احکامات جاری کیے۔ اس کے ساتھ ساتھ مستقبل میں کراچی یونین آف جرنلسٹس دستور اور کراچی پولیس کے اشتراک سے مختلف سیمینارز کے انعقاد پر بھی اتفاق کیا گیا۔
اجلاس کے اختتام پر صحافی وفد نے کراچی پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی، جبکہ ایڈیشنل آئی جی کراچی نے وفد کی آمد پر شکریہ ادا کیا۔

