کراچی: وزیرِ بلدیات سندھ سعید غنی کے بھائی فرحان غنی کو سرکاری ملازم پر تشدد اور کارِ سرکار میں رکاوٹ ڈالنے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس کے مطابق ان کے خلاف مقدمہ فیروزآباد تھانے میں انسدادِ دہشتگردی کی دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔
پولیس نے فرحان غنی کو دیگر ملزمان سمیت اسپیشل ڈیوٹی مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا جہاں عدالت نے ایک روزہ راہداری ریمانڈ پر انہیں پولیس کے حوالے کردیا۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان کو کل انسدادِ دہشتگردی کی منتظم عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق مقدمے میں فرحان غنی کے علاوہ قمر احمد خان، شکیل چانڈیو، سکندر اور روحان کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔ پولیس نے گرفتار افراد کے ابتدائی بیانات بھی قلمبند کرلیے ہیں۔
عدالت نے تفتیشی افسر کے بیان کی بنیاد پر ملزم فرحان غنی کو ایک دن کے راہداری ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرنے کا حکم دیا۔
