اسلام آباد: چینی وزیرِ خارجہ وانگ ای نے فیلڈ مارشل اور آرمی چیف سید عاصم منیر سے اہم ملاقات کی، جس میں پاک چین اسٹریٹجک تعلقات، علاقائی امن و استحکام اور سکیورٹی تعاون پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
چینی وزارتِ خارجہ کے مطابق وانگ ای نے کہا کہ پاکستانی فوج قومی استحکام کا ستون ہے اور پاک چین دوستی و تعاون کی مضبوط محافظ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدلتی ہوئی عالمی غیر یقینی صورتحال میں مضبوط پاک چین تعلقات نہ صرف خطے بلکہ عالمی امن کے لیے بھی سودمند ہیں۔ وانگ ای نے اس بات پر زور دیا کہ چین نے ہمیشہ پاکستان کو اپنی سفارت کاری میں اولین ترجیح دی ہے اور مشکل وقت میں بھی یہ تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں۔
وانگ ای نے یقین دہانی کرائی کہ چین پاکستان کی علاقائی سالمیت اور قومی سلامتی کے تحفظ میں بھرپور تعاون جاری رکھے گا اور عالمی معاملات میں پاکستان کے بڑے کردار کو سراہتا ہے۔
چینی وزارتِ خارجہ کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ملاقات میں کہا کہ چین پاکستان کا ’’آہنی دوست‘‘ ہے، دونوں ممالک ہمیشہ ایک دوسرے کے دکھ سکھ میں شریک رہے ہیں اور اسٹریٹجک شراکت داری چٹان کی طرح مضبوط ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عوام اور قیادت چین کے ساتھ دوستانہ تعلقات پر متفق ہیں۔ انہوں نے چین کی جانب سے پاکستان کی معاشی و سماجی ترقی میں تعاون پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستانی فوج انسداد دہشت گردی اور سکیورٹی تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔
فیلڈ مارشل نے واضح کیا کہ پاکستان میں چینی اہلکاروں، منصوبوں اور اداروں کی حفاظت یقینی بنائی جائے گی اور دونوں ممالک کی دوستی کو مزید مستحکم بنانے کے لیے عملی اقدامات جاری رہیں گے۔
