پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تعلقات میں بڑی پیشرفت سامنے آئی ہے، دونوں ممالک نے دوطرفہ تجارت کے فروغ کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے پر اتفاق کیا ہے جبکہ متعدد معاہدوں اور ایم او یوز پر بھی دستخط ہو گئے ہیں۔
پاکستان میں 46 جوا اور فاریکس ایپس پر پابندی، پی ٹی اے کا بڑا اقدام
ڈھاکا میں جاری وفود کی سطح پر مذاکرات کے دوران نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے بنگلہ دیش کے مشیر تجارت شیخ بشیرالدین سے ملاقات کی جس میں سرمایہ کاری، اقتصادی تعاون اور تجارت بڑھانے پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔
اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بنگلہ دیش کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششوں پر بھی زور دیا۔
مذاکرات میں پاکستانی وفد کی قیادت اسحاق ڈار جبکہ بنگلہ دیشی وفد کی قیادت ایڈوائزر خارجہ امور توحید حسین کر رہے ہیں۔ دونوں اطراف کے اعلیٰ حکام بھی اجلاس میں شریک ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے ڈھاکا میں نیشنل سٹیزن پارٹی (این سی پی) کے وفد سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے نوجوانوں کے درمیان باہمی رابطے بڑھانے پر زور دیا اور این سی پی کی قیادت کے اصلاحات اور سماجی انصاف کے وژن کو سراہا۔
دونوں فریقوں نے ثقافتی تبادلوں کو فروغ دینے اور مستقبل میں مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
