کراچی: میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کی پریس کانفرنس پر جماعت اسلامی کے ترجمان نے سخت ردعمل دیا ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ بوکھلاہٹ کا شکار میئر عوام کو گمراہ کر رہے ہیں۔ سندھ حکومت کی جانب سے ٹاؤنز کو ملنے والی او زیڈ ٹی صرف سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کی مد میں ہے، جبکہ دو سال میں جماعت اسلامی کے زیرِ انتظام ٹاؤنز کو ایک روپے کا ترقیاتی فنڈ بھی نہیں دیا گیا۔
آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی نئے بھرتی ڈی ایس پیز سے ملاقات، میرٹ اور عوام دوست پولیسنگ پر زور
ترجمان جماعت اسلامی کے مطابق سندھ حکومت کے پاس عوامی مسائل کے حل کا کوئی منصوبہ نہیں۔ شہر کو کھنڈر بنانے والے اپنی ناکامی چھپانے کے لیے پروپیگنڈہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام ٹیکس ادا کرتے ہیں لیکن شہر میں ترقیاتی کام صفر ہیں۔
مزید کہا گیا کہ پیپلز پارٹی اور ان کا "ناکام میئر” عوام دشمن پالیسیوں پر گامزن ہیں، جبکہ کراچی کے ٹاؤنز کو فنڈز سے محروم رکھنا کھلی ناانصافی ہے۔
خیال رہے کہ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے اپنی پریس کانفرنس میں دعویٰ کیا تھا کہ جماعت اسلامی کے ٹاؤنز کو اب تک 27 ارب روپے فراہم کیے جا چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم اپنی غلطیوں سے سیکھتے ہیں، ٹریفک بندوبست میں کوتاہی ہوئی جس کے باعث شارع فیصل تین مقامات سے بند ہوئی اور پورے شہر کا نظام متاثر ہوا۔
