کراچی: ایم اے جناح روڈ تاج کمپلیکس کے قریب واقع پٹاخوں کے گودام میں آگ لگنے کے بعد صورتحال کشیدہ ہوگئی، مشتعل دکانداروں نے کارخانے کے مالک کی گاڑی پر حملہ کردیا اور پتھراؤ کرکے شیشے توڑ دیے۔
رضویہ سوسائٹی میں قماربازی کے اڈے پر چھاپہ، 2 ملزمان گرفتار
عینی شاہدین کے مطابق جب پٹاخوں کی دکان کا ایک ملازم گاڑی لے کر وہاں سے نکلنے لگا تو متاثرہ دکاندار، جنہیں مالی نقصان اور زخمی ہونے کا سامنا کرنا پڑا تھا، گاڑی کے گرد جمع ہوگئے اور پتھراؤ شروع کردیا۔ پولیس اور رینجرز موقع پر پہنچے اور گاڑی کو وہاں سے بحفاظت نکال کر دکانداروں کو ہدایت دی کہ اگر وہ مقدمہ درج کرانا چاہتے ہیں تو تھانے سے رجوع کریں۔
دریں اثنا ریسکیو 1122 کو متاثرہ گودام کی سرچنگ کے دوران ایک شخص کی لاش ملی، جس کی شناخت اسد شاہ کے نام سے ہوئی۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق متوفی اسد شاہ پٹیل پاڑہ کا رہائشی اور ایک مدرسے کا طالبعلم تھا۔
اہلخانہ کے مطابق اسد شاہ اپنے بھائی افسر شاہ سے ملنے متاثرہ عمارت میں آیا تھا۔ اسد شاہ کے والد پہلے ہی انتقال کرچکے ہیں، جبکہ لواحقین نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
