کراچی (اسٹاف رپورٹر) سی ای او واٹر کارپوریشن احمد علی صدیقی نے شہر میں متوقع موسلادھار بارشوں اور اس سے پیدا ہونے والی ممکنہ ہنگامی صورتحال کے پیش نظر عملے کی تمام چھٹیوں پر فوری طور پر پابندی عائد کردی ہے۔ جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تمام افسران و ملازمین اپنے اپنے ڈیوٹی اسٹیشنز پر موجود رہیں اور بارش یا کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر خدمات انجام دیں۔
اعلامیے کے مطابق تمام محکموں کے سربراہان کو سختی سے ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ماتحت عملے کی حاضری اور کارکردگی پر بھرپور نگرانی رکھیں۔ کسی بھی قسم کی غفلت یا ہدایات کی خلاف ورزی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا اور اسے انتہائی سنجیدگی سے لیا جائے گا۔
ترجمان واٹر کارپوریشن نے کہا کہ ادارہ شہریوں کی سہولت اور خدمت کے لیے ہمہ وقت سرگرم ہے اور بارشوں کے دوران بھی فراہمی و نکاسی آب کے نظام کو مؤثر انداز میں برقرار رکھنے کے لیے تمام وسائل استعمال کیے جا رہے ہیں تاکہ شہریوں کو کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
