کراچی: ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو کی ہدایت پر پولیس نے گزشتہ ہفتے شہر بھر میں انسدادِ جرائم کی کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے بڑی تعداد میں ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ضلع کیماڑی پولیس کی مائی کلاچی روڈ پر کارروائی، پولیس مقابلے میں خطرناک ڈاکو زخمی، ساتھی فرار
ترجمان کراچی پولیس کے مطابق گزشتہ ہفتے شہر میں ڈاکوؤں کے خلاف 13 پولیس مقابلے ہوئے جن میں 5 ڈکیت ہلاک، 12 زخمی جبکہ مجموعی طور پر 18 ملزمان گرفتار ہوئے۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے 19 غیر قانونی اسلحہ اور 7 موٹرسائیکلیں برآمد ہوئیں۔
ایسٹ، ویسٹ اور ساوتھ زونز میں پولیس کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 730 سے زائد ملزمان گرفتار کیے گئے۔ انسدادِ منشیات مہم کے دوران مختلف علاقوں سے لاکھوں روپے مالیت کی 19 کلو 92 گرام چرس، آئس/کرسٹل اور ہیروئن برآمد کی گئی۔
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان سے شہریوں سے لوٹ مار اور دیگر جرائم میں استعمال شدہ 181 سے زائد مختلف اقسام کا غیر قانونی اسلحہ بمعہ ایمونیشن بھی قبضے میں لیا گیا۔
علاوہ ازیں پولیس نے چھینی اور چوری شدہ 33 موٹرسائیکلیں اور 7 بڑی گاڑیاں بھی برآمد کیں۔
کراچی پولیس کے مطابق جرائم کے خاتمے، امن و امان کی بحالی اور شہریوں کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات جاری رہیں گے۔
