کراچی: ضلع کیماڑی تھانہ ڈاکس پولیس نے مائی کلاچی روڈ گندا نالہ کے قریب ڈاکوؤں کے خلاف کامیاب کارروائی کی۔ ایس ایس پی کیماڑی کیپٹن (ر) فیضان علی کے مطابق رات گئے پولیس اور اسٹریٹ کرمنلز کے مابین فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں ایک ملزم زخمی جبکہ اس کا ساتھی فرار ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق پولیس دوران گشت مشکوک موٹرسائیکل سوار دو افراد کو روکنے کی کوشش کر رہی تھی کہ ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں ایک ملزم کامران ولد کمال حسین زخمی ہوگیا جبکہ اس کا ساتھی ابراہیم موقع سے فرار ہوگیا۔ زخمی ملزم کو علاج کے لیے سول اسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے ایک غیر قانونی 9 ایم ایم پستول بمعہ لوڈ میگزین اور تھانہ آرام باغ کی واردات میں چھینے گئے تین موبائل فونز برآمد ہوئے۔ ابتدائی ریکارڈ سے معلوم ہوا کہ ملزم کامران اس سے قبل بھی متعدد سنگین وارداتوں میں مفرور رہا ہے، جن میں تھانہ گزری اور آرام باغ میں شہریوں کو لوٹنے اور فائرنگ کے واقعات شامل ہیں۔
ایس ایس پی کیماڑی نے بتایا کہ ملزم کے مزید مجرمانہ ریکارڈ کی چھان بین کی جا رہی ہے۔ کارروائی ایس ایچ او تھانہ ڈاکس انسپیکٹر نند لال کی سربراہی میں عمل میں لائی گئی۔ زخمی ملزم کو مزید تفتیش کے لیے تحقیقاتی شعبے کے حوالے کردیا گیا ہے۔
