کراچی (18 اگست 2025ء) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی صدارت میں بارشوں کی صورتحال اور نکاسی آب کے حوالے سے اہم اجلاس وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیر بلدیات سعید غنی، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، پرنسپل سیکریٹری آغا واصف اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
جشن عید میلاد النبیؐ کے موقع پر سیکورٹی انتظامات کا جائزہ، ڈی آئی جی ایسٹ زون کی زیر صدارت اجلاس
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ شہر میں 44 نالوں کے چوکنگ پوائنٹس بہتر بنانے کا کام جاری ہے جبکہ نشیبی علاقوں سے برساتی پانی نکالنے کے لیے 120 سکشن گاڑیاں تیار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شہر کے تقریباً 150 نالوں کی صفائی بھی تیز رفتاری سے جاری ہے اور پی ڈی ایم اے سے مسلسل رابطہ رکھا جا رہا ہے تاکہ ضرورت کی تمام مشینری بروئے کار لائی جا سکے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ محکمہ موسمیات کے مطابق آج رات سے کراچی میں بارش کا امکان ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے تمام بلدیاتی اداروں اور انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ متحرک رہیں اور نکاسی آب کے انتظامات کو بہتر بنایا جائے۔ ساتھ ہی ٹریفک پولیس کو بارشوں کی صورت میں مؤثر ٹریفک مینجمنٹ کی ہدایت دی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے تھرپارکر میں بارشوں کی صورتحال پر بھی گفتگو کی اور کہا کہ حالیہ بارشوں سے تمام ڈیمز بھر گئے ہیں جو تھر کے عوام کے لیے خوش آئند بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیم کا پانی وہاں کے عوام کے لیے انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔
اجلاس کے اختتام پر وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت دی کہ تمام ادارے بارشوں کے دوران شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہیں۔
