بنوں — پاک فوج اور خیبرپختونخوا پولیس نے ضلع بنوں کے علاقے ہوید میں خفیہ معلومات کی بنیاد پر مشترکہ سرچ اینڈ ٹارگیٹڈ آپریشن کامیابی سے مکمل کرلیا۔ کارروائی کا مقصد علاقے کو دہشتگردی سے پاک کرنا اور دیرپا امن قائم کرنا تھا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ آپریشن انٹیلیجنس رپورٹس کے بعد منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا، جس میں پاک فوج اور پولیس کے دستوں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر مکمل سرچ آپریشن کیا۔ اس دوران کئی مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے، جن سے تفتیش جاری ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ آپریشن کے دوران دہشتگرد گروہ خوارج کے دو مقامی سہولت کاروں کے گھروں کو بھی مسمار کر دیا گیا تاکہ ان کے نیٹ ورک کو ختم کیا جا سکے۔
مقامی افراد نے سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کو خوش آئند قرار دیا اور علاقے میں قیام امن کے لیے فورسز سے مکمل تعاون کا اظہار کیا۔
ترجمان کے مطابق پاک فوج اور پولیس دہشتگردی کے مکمل خاتمے اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھا رہی ہیں، اور ایسے آپریشنز مستقبل میں بھی جاری رہیں گے۔
