کراچی (اسٹاف رپورٹر) سابق گورنر سندھ اور "میری پہچان پاکستان” تحریک کے بانی ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ پاکستان لاکھوں قربانیوں کا نتیجہ ہے، ہمیں اس نعمت کی قدر کرنی چاہیے اور قومی یکجہتی کے بیانیے کو فروغ دینا چاہیے۔
شبِ ہفتہ نارتھ ناظم آباد میں جشنِ آزادی اور "معرکۂ حق” کی شاندار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 14 اگست 1947 کو ہمارے بزرگوں نے گھر، جائیدادیں اور جانیں قربان کر کے ہمیں ایک آزاد، خودمختار اسلامی ریاست عطا کی۔ قائداعظم محمد علی جناح کی بصیرت اور قیادت نے ایک خواب کو حقیقت میں بدلا۔
ڈاکٹر عشرت العباد نے کہا کہ معرکۂ حق میں افواجِ پاکستان نے پیشہ ورانہ مہارت اور جرأت کا مظاہرہ کرتے ہوئے قوم کو فتح دلائی، جس سے 78ویں جشنِ آزادی کی خوشیاں دوگنا ہو گئیں۔
انہوں نے کہا کہ “ہم پاکستانی سب سے پہلے ایک قوم ہیں، اور بعد میں کسی اور شناخت کے حامل۔ ہماری پہچان پاکستان ہے۔”
انہوں نے بھارت کی اشتعال انگیزیوں اور پراکسی وار کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے ہمیشہ ہماری کمزوریوں کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کی، لیکن ہماری مسلح افواج نے ہر سازش کو بروقت ناکام بنایا۔
ڈاکٹر عشرت العباد نے کہا کہ امریکی حکومت کی جانب سے پاکستانی مصنوعات پر ٹیرف میں 10 فیصد کمی ایک اہم پیش رفت ہے، جس سے دنیا نے پاکستان کی سفارتی اہمیت تسلیم کی۔
انہوں نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت اور کامیاب سفارت کاری کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا حقیقی تشخص اجاگر کیا، جسے دنیا تسلیم کر رہی ہے۔
تقریب میں نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان باصلاحیت ہیں اور وہ ملک کی تقدیر بدل سکتے ہیں۔ "ہمیں سیاسی جماعتوں کی منفی سوچ اور بدانتظامی کے اثرات سے باہر نکل کر اجتماعی فلاح و ترقی کے لیے کام کرنا ہو گا۔”
ڈاکٹر عشرت العباد نے تمام شہداء، خصوصاً افواج پاکستان اور سیکیورٹی اداروں کے ان جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے مادرِ وطن کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
تقریب میں ملی نغموں، قوالی اور جوش و خروش سے بھرپور عوامی شرکت نے جشن آزادی کی فضا کو انتہائی والہانہ بنا دیا، جو رات گئے تک جاری رہی۔

