کراچی: ڈی آئی جی ایسٹ زون ڈاکٹر فرخ علی کی ہدایات پر گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ایسٹ زون پولیس نے اسٹریٹ کرائم، منشیات اور گٹکا فروشوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں کیں، جن کے دوران متعدد کامیابیاں حاصل ہوئیں۔
پولیس ترجمان کے مطابق مختلف علاقوں میں پولیس مقابلوں کے دوران 4 خطرناک ڈاکو ہلاک جبکہ 11 ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کیے گئے۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے 4 پستول، 8 راؤنڈز، 5 موبائل فونز، ایک موٹر سائیکل اور 4620 روپے نقدی برآمد کی گئی۔
ایسٹ زون پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف بھی کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 29.804 کلو گرام چرس، 615 گرام آئس، 150 گرام ہیروئن اور 391 بوتلیں شراب برآمد کیں۔
گٹکا ماوا فروشوں کے خلاف کارروائیوں کے دوران پولیس نے 1035 کلو چھالیہ، 211.5 کلو گٹکا ماوا برآمد کیا، جبکہ دو گٹکا ماوا تیار کرنے والی فیکٹریوں کو سیل کر دیا گیا۔
ڈی آئی جی ایسٹ ڈاکٹر فرخ علی نے تمام ایس ایچ اوز کو ہدایت کی ہے کہ اسٹریٹ کرمنلز، منشیات فروشوں اور گٹکا مافیا کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رکھی جائیں اور تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے ایسے عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
